سلامتی کونسل کی قرار دادیں نظر انداز ، ایران کا بیلسٹک اور کروز میزائل پروگرام جاری رکھنے کا اعلان
تہرا ن (آن لائن)ایران نے ایک بار پھر سلامتی کونسل کے فیصلوں اور قراردادوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے متنازع بیلسٹک اور کروز میزائل پروگرام پر کام جاری رکھنے کا اعلا ن کر دیا ۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدر حسن روحانی کی کابینہ میں شامل نئے وزیر دفاع بریگیڈئر امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران اپنے بیلسٹک میزائل بالخصوص کروز میزائلوں کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری رکھے گا۔ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمینے کہا ’ہم اپنی میزائل طاقت کے تمام شعبے مضبوط بنائیں گے، بالخصوص کروز اور بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر کام جاری رہے گا۔ ایران اپنی فضائی دفاعی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے فضائی تزویراتی صلاحیت کو اپ گریڈ کرنے اور بری دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق وزیر دفاع نے پارلیمنٹ کی جانب سے امریکہ کے انتقامی اقدامات کا بھرپور جواب دینے کی منظوری کی تحسین کی۔انہوں نے کسی ملک کانام لیے بغیر کہا کہ ’ایران کے دشمن ہمارے دفاع اور سلامتی کو گزند پہنچانا چاہتے ہیں۔ ایران کے خلاف بڑے بڑے دفاعی معاہدے ہو رہے ہیں۔ خطے کو اسلحے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ایران کے لیے یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے تہران کو اپنے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کی پالیسی پر عمل جاری رکھنا ہوگا۔