چند بلاگرز کا نوٹس نہ لیا گیا تو فلم انڈسٹری ترقی نہیں کرسکے گی‘سید نور
کراچی(کلچرل رپورٹر)کثیر سرمائے سے بننے والی فلم ”چین آئے نہ“ کو ایک سازش کے تحت باکس آفس پر ناکام کرانے کی کوشش کی گئی‘ ان سازشوں کو روکا نہ گیا تو فلم انڈسٹری دوبارہ سے ناکامیوں کی دلدل میں دھنس جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار نامور رائٹر اورڈائریکٹر سید نور نے پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کے ہمراہ امریکہ سے آئے فلم پروڈیوسر جاوید صدیقی بھی موجود تھے۔ سید نور نے کہا کہ فلم ساز جاوید صدیقی نے بڑے جذبے کے ساتھ یہ فلم بنائی تھی اور مزید سرمایہ کاری کا وسیع پلان لیکر پاکستان آئے تھے لیکن چند منفی سوچ رکھنے والے بلاگرز نے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ”چین آئے نہ“ سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے فلم کے بزنس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اگر فلم کے معیار پر تبصرہ کیا جاتا تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں تھا۔ میرا پورا فلمی کیریئر اس بات کا گواہ ہے کہ میں نے ہمیشہ فیملی فلمز بنائیں۔ میرا ایمان ہے کہ جو فلم میں خود اپنی بیٹی کے ساتھ نہیں دیکھ سکتا وہ کسی اور کو کیوں دکھاﺅں؟ ”چین آئے نہ“11اگست کو ہی امریکہ میں بھی ریلیز ہوئی جہاں میری بیٹی نے اپنی فیملی کے ساتھ یہ فلم دیکھی اور مجھے مبارکباد دی۔