چینی کی قیمتوں کا تعین عدالت کا کام نہیں، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے درخواست خارج کر دی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔ فاضل چیف جسٹس کہتے ہیں کہ چینی کی قیمتوں کا تعین کرنا عدلیہ کا کام نہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے عبید اللہ کلیار ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملوں کے مافیا نے عید کی آمد سے قبل ملی بھگت سے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے میں شوگر مافیا کے علاوہ سرمایہ دار، سیاسی اور حکومتی شخصیات شریک ہیں۔ مصنوعی قلت کی وجہ سے چینی کی قیمت 45روپے سے یکدم بڑھا کر 78 روپے فی کلوگرام کردی گئی ہے۔ اعداو وشمار کے مطابق چینی کی فی کلو لاگت 42 روپے بنتی ہے۔ شوگر ملوں کے پاس چینی کا اضافی سٹاک بھی موجود ہے جبکہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں عدالت چینی کی قلت ختم کرنے اور قیمتیں کم کرنے کا حکم دے۔