حیدرآباد میں پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو مارا گیا‘ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار
حیدرآباد (نامہ نگار) حیدرآباد کے تھانہ پھلیلی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقابلے میں بدنام ڈاکو فیروز خاصخیلی ولد غلام رسول خاصخیلی مارا گیا جو حیدرآباد‘ جامشورو اور ٹنڈوالہیار ضلع میں ڈکیتی کی 30 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ مقابلے کے دوران ایک ملزم عمران ولد امام بخش شیخ سکنہ سکھر زخمی ہوگیا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکلیں چھیننے سمیت حیدرآباد شہر میں متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران ملزم کا ایک ساتھی علی شیخ فرار ہوگیا۔