نوازشریف نے پی پی حکومت بچائی‘ ہمیں کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں: سعد رفیق
اسلام آباد+ لاہور (خبر نگار خصوصی + وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں + خصوصی رپورٹر) وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پچھلے سوا سال سے کہانی سن رہے ہیں کہ ناجائز اثاثے بنائے‘ کرپشن کی، منی لانڈرنگ کی مگر بعد میں تو ایک اقامہ نکلا۔ قوم بار بار یہ کہانی نہیں سنے گی۔ ڈیڑھ سال میں ہمیں انصاف نہیں ملا‘ آگے ملے گا یا نہیں‘ یہ بڑا سوال ہے۔ اس سوال کے جواب کے بعد ہی کہیں اور پیش ہونا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں طلال چودھری نے کہا کہ اس طرح لگ رہا تھا کہ فواد چودھری سپریم کورٹ اور نیب کو مشورے دے رہے ہیں۔ پوری قوم نوازشریف کی طرف سے داخل نظرثانی اپیل پر منتظر ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو سیاست آگے بڑھانے کیلئے کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر نوازشریف نے پیپلزپارٹی کی حکومت بچائی۔ زرداری گریبان میں جھانک کر بتائیں کیا انہوں نے میثاق جمہوریت سے بار بار انحراف کرکے اس کے پرخچے نہیں اڑائے؟ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، پرویز مشرف کی بدروح کبھی عمران خان اور شیخ رشید میں حلول کرجاتی ہے، پاکستان میں جو لابیز کام کر ہی ہیں وہ ملک کو غیر مستحکم کر رہی ہیں ، ہماری حکومت کا ہر آنے والا سال پچھلی حکومت سے بہتر تھا،مخالفین کو احساس ہوگیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو ہرایا نہیں جاسکتا۔