مطمئن نہ ہوئے تو فواد حسن کو توہین پر شوکاز نوٹس دیں گے: اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگر عدالت مطمئن نہ ہوئی تو فواد حسن فواد کو عدالت کی توہین پر شوکاز نوٹس جار ی کیا جائیگا۔ عدالت نے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے پانچ ریگو لیٹری باڈیز کی خود مختاری ختم کرتے ہوئے ان کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کے مقدمے کی سماعت کی عدالتی حکم پر سیکرٹری کابینہ کی جانب سے تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔ عدالت نے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس پر برہمی کا اظہارکیا ہے اورحکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن تحریری جواب دوبارہ جمع کرائیں۔ کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔