سپریم کورٹ بار کے ممبران اور سابق ججز نے خود کو رشید رضوی کی طرف سے ہائیکورٹ بار کے صدر شیر زمان کی حمایت میں بیان سے الگ کرلیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی)سپریم کورٹ بار کے ممبران اور سابق ججز نے سپریم کورٹ بار کے صدر رشید اے رضوی کی طرف سے ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان کی حمایت میں دیئے گئے بیان سے الگ کر لیا۔ سپریم کورٹ بار کے ممبران نے کہا ہے کہ صدر سپریم کورٹ بار کا ہائی کورٹ کے جج کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے وکیل کی حمایت میں بیان انکی ذاتی سوچ ہے۔ سپریم کورٹ بار کے 85 ممبران نے صدر بار رشید اے رضوی کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ وہ صدر سپریم کورٹ بار رشید اے رضوی کے مؤقف کی بالکل حمایت نہیں کرتے۔ بار کے ممبران ججز کے احتساب اور انکے رویے کے درست ہونے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں اور اس کیلئے قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے لیکن جج کے رویے کو بنیاد بنا کر چند وکلاء کی طرف سے ججز کے ساتھ ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔