صحافی ولی بابر قتل کیس میں مجرم فیصل موٹا کی سزائے موت برقرار
کراچی(نمائندہ نوائے وقت)صحافی ولی خان بابر قتل کیس میں ایم کیوایم کارکن مجرم فیصل موٹا کی سزا ئے موت برقرار، سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ سرکٹ بینچ نے سزا کالعدم قرار دینے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا۔ نجی ٹی وی کے معروف صحافی ولی خان بابر کے قتل میں ایم کیو ایم کے کارکن مجرم فیصل موٹا کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ سرکٹ بینچ نے کی تھی۔ بعض عناصر نے ایسی خبریں پھیلائیں اور یہ تاثر دیا کہ مجرم فیصل موٹا کی سزا ختم کردی گئی ہے۔ لیکن عدالتی فیصلے میں مجرم فیصل موٹا کی سزا ئے موت کالعدم قرار دینے کا کوئی حکم سامنے نہیں آیا۔ لاڑکانہ سرکٹ بینچ نے سزائے موت کے خلاف فیصل موٹا کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا عدالت نے محفوظ فیصلے کی دوبارہ سماعت کرنے کا حکم جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں واضح ہے کہ مجرم فیصل موٹا کے وکیل بھی اپنے دلائل دیں۔ اسی حوالے سے عدالت نے فیصل موٹا کے وکیل کو اکیس ستمبر کیلئے اطلاعی نوٹس جاری کردیئے۔