بیرون ملک اثاثے، لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلا کو بحث کیلئے طلب کر لیا
لاہور ( وقائع نگار خصوصی +آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے نواز شریف،شہباز شریف، چوہدری شجاعت،عمران خان ،سردار ایاز صادق سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کے لئے طلب کر لیا۔ درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان، سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشائ،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید سمیت 64سیاستدانوں اور معروف شخصیات نے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ایک سو انچاس جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔