کینٹ کی خوبصورتی کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ اور تاجروں کو مشترکہ حکمت عملی بنانا ہو گی: موبائل فورم
ملتان( سٹاف رپورٹر) سہولیات اور مسائل کے حوالے سے کینٹ کے تاجروں نے گزشتہ روزنوائے وقت موبائل فورم میں اظہار خیال کیا۔ اس ضمن میں صدر انجمن تاجران صدر بازار کینٹ چوہدری محمود علی اور صدر قائد اعظم شاپنگ سنٹر نمبر4خواجہ معظم وحید نے کہا کہ کینٹ کی خوبصورتی کیلئے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ اور تاجروں کو ملکر حکمت عملی بنانا ہوگی۔ کینٹ کے مفاد کیلئے تاجر انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کے تعاون پر تیار ہیں۔ اس حوالے سے خواجہ دلشاد اور شیخ طاہر نے کہاکہ تاجر برادری نے ہر موقع پر انتظامیہ کی آواز پر لبیک کہا ہے جبکہ آئندہ بھی تمام معاملات میں ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ایمانداری سے ٹیکس ادا کرتی ہے اس لئے ان کے حقوق کا تحفظ کرنا کنٹونمنٹ بورڈ کا اولین فرض ہے۔ اسی موبائل فورم میں گفتگو کرتے ہوئے رانا اکرم، رانا ساجد اور شیخ فردوس نے نوائے وقت کو بتایا کہ کینٹ کے بازاروں میں بیشتر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں تاہم اس میں مزید بہترین لانے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ شہر کے حساس ترین علاقے کینٹ کی سکیورٹی کوہر صورت یقینی بنائے ورنہ ہمیں یہاں کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔