تاج کمپنی، سگیاں پل اور ملحقہ علاقوں میں وارداتیں بڑھ گئیں
لاہور (نامہ نگار) تاج کمپنی اور سگیاں پل پر وارداتیں بڑھ گئیں۔ شہری سرشام لٹنے پر مجبور، سگیاں پل کے نیچے پولیس اور پل کے اوپر ڈاکوئوں کے ڈیرے، عوام کو لوٹنے کیلئے دونوں میں خاموش ’’مفاہمت‘‘ تفصیلات کے مطابق سگیاں پل، تاج کمپنی کے قرب و جوار میں وارداتیں بڑھنے سے شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہو چکے۔ گزشتہ چند روز قبل سگیاں کے قریب ہونے والے دھماکہ میں تباہ ہونے والا ٹرک سٹینڈ اور ملحقہ علاقہ سرشام ہی اندھیروں میں ڈوب جاتا ہے۔ ٹرک اڈہ کے سامنے واقع انڈر پاس اور ملحقہ رابطہ سڑکیں چوروں ڈاکوئوں کی جنت بن چکیں۔ سٹریٹ لائٹس اور پولیس کا مناسب گشت نہ ہونے کے سبب شہری اس علاقہ میں جانے سے کتراتے ہیں۔ اگر کوئی بھولے سے چلا جائے تو جمع پونجی لٹائے بغیر علاقہ سے نہیں گزر سکتا اس کے کچھ فاصلہ پر سگیاں پل اور ملحقہ گول چکر بھی ڈاکوئوں کی من پسند جگہیں ہیں۔ پل کے نیچے منشی ہسپتال جانے والے راستے پر پولیس کا ناکہ ضرور ہوتا ہے مگر وہ صرف عام شہریوں، موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کو روک کر ’’حصہ‘‘ وصول کرتے نظر آتے ہیں۔ جبکہ پل کے اوپر ڈاکو زبردستی بھتہ وصول کرتے ہیں پولیس اور ڈاکو دونوں ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرتے نتیجتاً عوام کے پاس لٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہ جاتا یا دوسری صورت انہیں کوئی متبادل راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔