ترقیاتی پروگراموں کیلئے فنڈز مختص،صحت پروگرام کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے :وزیراعظم
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ڈیرہ غازی سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی۔ ارکان قومی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلملیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے جتنا ممکن ہو سکے گا فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام فنڈز جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈی جی خان سے متعلق کسی بھی ایشو کو حل کرنے کے لیے دستیاب رہیں گے۔ وفد میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری‘ وزیر مملکت مواصلات حافظ عبدالکریم‘ سردار جعفر خان لغاری‘ حفیظ الرحمن خان دریشکر‘ سردار عاشق گو پانگ شامل تھے۔ دریں اثناءصحت کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ ادویات کی رجسٹریشن اور پرائسسنگ کی پالیسی کو مزید سادہ بنایا جائے تاکہ ادویات تیار کرنے والے مینو فیکچرز کو سہولت حاصل ہوسکے۔ انہوںنے کہا کہ کابینہ کے سامنے جامع تجاویز رکھی جائیں اور ضروری ہو تو قانون سازی بھی کرائی جائے۔ وزیراعظم نے ادویات کی رجسٹریشن اور مختلف ادویات کی قیمت کے حوالے سے زیر التواءمعاملات کا نوٹس لیا اور حکم دیا کہ 24 گھنٹے کے اندر تمام زیر التواءامور کو نمٹانے کا ٹائم لائن کے ساتھ روڈ میپ پیش کیا جائے اجلاس میں قومی صحت کی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ دو سال میں کافی اصلاحات کی ہیں۔ جامع ڈرگ پرائسسنگ پالیسی بنائی گئی ہے۔ وزیراعظم ہیلتھ پروگرام تیار کیا گیا۔ پولیو کیسز میں کافی کمی آئی۔ اور دوسرے متعدد پروگرام بھی چل رہے ہیں۔ 26 اضلاع میں وزیراعظم ہیلتھ کیئر پروگرام چل رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی اس پروگرام کو وسعت دینے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے۔ ”ڈریپ“ کے متعلق ایشوز کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام ریگولیٹری پالیسیز کا مقصد بین الاقوامی اور مقامی مینوفیکچرز کو سہولت فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ ریگولیٹر کا مقصد صارفین کا تحفظ کرنے اور کاروبار کے لیے سہولت دینا ہوتا ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم کے مشیربرائے ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔