افغانستان میں امن کیلئے پاکستان سے زیادہ کسی کو دلچسپی نہیں ہوسکتی : آرمی چیف
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) امریکہ کی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل جوزف ایل ووٹل نے اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی آئی ایس پی آر کے مطابق پیشہ وارانہ امور کے معاملات اور افغانستان میں سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات خصوصاً سلامتی کے امور میں تعاون اور علاقائی امن واستحکام کے ضمن میں اشتراک کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بلاامتیاز تمام دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاک افغان سرحدی علاقہ میں سلامتی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے افغان سیکیورٹی فورسز اور افغانستان میں امریکہ کے فوجی مشن کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کسی ملک کو افغانستان میں قیام امن سے دلچسپی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کسی مالی یامادی مدد سے قطع نظر ہم یہ چاہتے ہیں کہ علاقائی امن واستحکام کے لیے دہائیوں پر محیط پاکستان کے کردار کو تسلیم کیاجائے اور ہمارے موقف کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجوں کا ادراک کیا جائے اور دہشت گردی وشدت پسندی کے خلاف پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز نے جو قربانیاں دی ہیں ان کا احترام کیا جائے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈہیل بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔