پیٹرول‘ ڈیزل کی 80,70 روپے فروخت ظلم ہے ‘ خورشید شاہ کا وزیراعظم کو خط
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نےوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا ہے جس مےں کہا گےا ہے عالمی منڈی سے پٹرول اور ڈیزل کی ایک ہی قیمت پر خرید کے باوجود دونوں پٹرولیم مصنوعات کو الگ الگ ریٹ پر فروخت کےا جا رہا ہے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل عالمی مارکیٹ سے 30سے35روپے فی لیٹر کے حساب سے خریدا جاتا ہے مگر ظالمانہ حکومتی ٹیکس اور لیویز کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت خرید اور فروخت میں بہت بڑا فرق ہے، حکومت ٹیکس کے نظام کی درستگی کیلئے فوری اقدامات کرے اور ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی لا ئے تاکہ عام آدمی کے سر سے ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے۔جمعہ کو قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پبلک اکانٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران جواب دیتے ہوئے پاکستان سٹیٹ آئل آفشیلز نے بتایا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل عالمی مارکیٹ سے30سے35روپے فی لیٹر خریدا جاتا ہے اور پھر70 اور80 روپئے فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو اپنی بہتر کارکردگی سے ریلیف مہیا کرے۔