امریکہ کی طرف سے کنٹریکٹرز بھجوانے کے باعث افغانستان میں حالات بگڑ سکتے ہیں : روسی سفیر
اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی دیدوف نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں کنٹریکٹر بھیج رہا ہے جس سے افغانستان میں حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ گزشتہ شام افغانستان کے یوم آزادی کے موقع پر نوائے وقت سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ روس افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ لیکن افغانستان سے متعلق نئی امریکی پالیسی سے امن کے امکانات کم ہیں۔ روسی سفیر سے پوچھا گیا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات میں پیش رفت جاری ہے؟ تو روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔ پاکستان اور روس کی قیادت میں آستانہ میں ہونے والی ملاقات بہت مفید تھی جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔ روسی سفیر نے بتایا کہ پاک روس مشترکہ اقتصادی کمشن کا اجلاس اس سال کے آخر میں منعقدہوگا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا روس شمال سے جنوب تک پاکستان میں گیس پائپ لائن کے منصوبے پر کام کررہا ہے تو روسی سفیر نے بتایا کہ اس منصوبے پر فی الحال کام معطل ہے دونوں ملکوں میں گیس کی ٹرانزٹ قیمت پر اختلافات ہیں۔ توقع ہے کہ یہ اختلافات دور کر لیے جائیں گے۔ ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان روس سے ہیلی کاپٹروں اور بعض دوسرے سازوسامان کی خریداری میں دلچسپی رکھتا ہے کیا اس سلسلے میں معاملات آگے بڑھ رہے ہیں تو الیکسی دیدوف نے کہا کہ بات چیت ہورہی ہے ابھی دستاویزی سمجھوتہ نہیں ہوا۔