حکومت عوام کی خدمت پر پختہ یقین رکھتی ہے: شاہد خاقان
اسلام آباد (اے پی پی+نوائے وقت نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی خدمت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور ترقیاتی سکیموں کے لئے ہر ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص تمام فنڈز تیز تر بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا وہ ڈی جی خان کی ترقی سے متعلق کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے ہمیشہ دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے ارکان قومی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ واضح مثبت تبدیلی لانے کے لئے تندہی سے کام کریں۔ دریں اثناء وزیراعظم کی زیرصدارت وزارت صحت کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے شاہد خاقان عباسی نے کہا قومی صحت پروگرام کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے۔ پروگرام کو وسعت دینے کیلئے جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے۔ کمپنیوں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنایا جائے۔ جامع تجاویز کابینہ میں پیش کی جائے۔
شاہد خاقان