ویمن کھلاڑیوں کی تلاش ، بارہ ریجنز میں اوپن ٹرائلز کے انعقاد کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ نے نوجوان ویمن کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے بارہ ریجنز میں اوپن ٹرائلز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ٹرائلز میں منتخب ویمن کھلاڑی نیشنل جونیئر انڈر 21 چیمپیئن شپ میں اپنے ریجنز کی نمائندگی کرینگی۔ اوپن ٹرائلز کا سلسلہ 20 اگست سے شروع ہوگا جو 31 اگست تک مختلف ریجنز میں جاری رہے گا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اوپن ٹرائلز راولپنڈی، کوئٹہ، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور، ایبٹ آباد، سیالکوٹ، پشاور، بہاولپور، ملتان، کراچی اور حیدر آباد میں ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن سلیکشن کمیٹی کو ٹرائلز میں منتخب ہونے والی کھلاڑیوں سے پانچ ٹیمیں بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ جن کا نیشنل جونیئر چیمپیئن شپ کے آغاز سے قبل 21 روز کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔