چینی کمپنی کی کچرے سے توانائی پیدا کرنے میں دلچسپی: ڈپٹی میئر سے وفدکی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپو رٹر ) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کراچی میں کنسٹرکشن اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں چین کے اشتراک اور تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے جمعہ کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے چین کی کمپنی کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ، شہر کی ضروریات کے مطابق یہاں ٹرانسپورٹیشن، فائر فائٹنگ ، کولڈ اسٹوریج ڈیولپمنٹ اور ہوٹلنگ سمیت مختلف شعبوں میں چینی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ، اس موقع پر چین کی کمپنی کے نمائندہ برائے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ ایشیا MR. ZHANG YANG اور MR. ZHOU BIN اور چیف ایگزیکٹو آفیسر برائے پاکستان انور اقبال نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کو پاکستان میں جاری اپنے پروجیکٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہو ںنے کہا کہ لاہور کے بعد اب وہ کراچی میں بھی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے شعبے میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی چین کی بڑی کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ کمپنیوں میں شامل ہے اور وہ کچرے سے انرجی بنانے کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن اور کولڈ اسٹوریج کے شعبے میں بھی پروجیکٹس پر عملدرآمد کیلئے مدد اور تعاون فراہم کرسکتے ہیں انہو ں نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور پر کام شروع ہونے کے بعد چین کی متعدد بڑی کمپنیز اور سرمایہ کار پاکستان میں مختلف پروجیکٹس پر کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔