پی آئی اے پریمیئر سروس‘ مسافروں کی سہولت کیلئے رکھی اشیاء غائب
لاہور (خبر نگار) پاکستانی مسافروں نے پی آئی اے پریمئر سروس کے نئے طیاروں میں بھی گندگی پھیلا دی۔ پی آئی اے پریمئر سروس کے فضائی میزبان اپنے ہم وطنوں کی کوڑا پھیلانے کی عادت سے 3 ہی پروازں میں تنگ آگئے۔ پی آئی اے پریمئر سروس میں دیگر غیرملکی ایئرلائنز کی طرز پر مسافروں کو استعمال کیلئے دیئے جانے والے مختلف لوشن اور دیگر اشیاء غائب ہو گئیں۔ فضائی میزبانوں کو شکایت ہے کہ مسافر یہ اشیاء ساتھ لے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کے میزبانوں اور گرائونڈ سٹاف کے پاس سے پی آئی اے کی پروازوں میں دیئے جانے والے سامان کی بڑی مقدار لاہور ایئرپورٹ پر ان کے دفتروں سے برآمد ہوئی تھیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پریمیئر سروس میں طیاروں کے واش روم سے ہاتھ دھونے والا لوشن ، صابن اور دیگر قیمتی اشیاء گزشتہ روز اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز سے چرائی گئیں۔ بیشتر مسافر کھانے پینے کی اشیاء پھینک دیتے ہیں جس سے طیارے میں گندگی کے ڈھیر لگ جاتے ہیں۔ انہوں نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ طیاروں میں صفائی کا خاص خیال رکھنے کے علاوہ ان کی سہولیات کیلئے رکھی گئی اشیاء کا بھی خیال کریں۔دریں اثناء صوبائی دارالحکومت سے لندن کیلئے روانہ ہونیوالی پی آئی اے پریمیئر سروس کی دوسری پرواز کے 16 مسافر جہاز پر سوار ہونے سے رہ گئے۔ مسافروں نے لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے دفتر میں ہنگامہ کیا جس کے بعد پی آئی اے حکام نے انہیں یقین دلایا کہ پی آئی اے پریمیئر سروس کی اگلی پرواز پر انہیں لندن بھجوا دیا جائے گا ۔