کپتان کی لائن رہی نہ لینتھ، ناکام آدمی کس کی وکٹ گرائے گا: خواجہ آصف
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز) وزیر دفاع، پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا ہے بھارت ایک طرف پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے اور دوسری طرف مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی جا رہی ہے، مذاکرات سے زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کی جاسکتیں،امریکہ کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کے بے دریغ استعمال کا سدباب کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ سے ہمارا بہت پرانا تعلق ہے، امریکہ کی طرف سے ہاتھ کھینچ لیا جائے گا تو ہمارے پاس بھی اس کا متبادل تلاش کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا 2018ء کے الیکشن سے پہلے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی میں ساڑھے تین سال سے وکٹ پر کھڑا ہوں، کپتان کی نہ لائن رہی ہے نہ لینتھ وہ دونوں کھو چکے ہیں، ناکام آدمی کس کی وکٹ گرائے گا۔ میں مزید ڈیڑھ سال بھی وکٹ پر رہوں گا۔ کپتاھ کے جلسوں میں ہزار ڈیڑھ ہزار سے زیادہ بندے نہیں آتے۔ آزاد کشمیر میں جو سیٹیں حاصل کی ہیں سب کے سامنے ہیں، وہ سیالکوٹ میں دونوں سیٹیں ہار چکے ہیں پچھلے تین سال میں یہ ثابت ہو چکا فیصلہ تو دور کی بات ان میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، 2011ء میں ان کے جلسوں میں ہزاروں لاکھوں لوگ آتے تھے آج جو حال ہو گیا ہے یہ شہادت ہے یہ ناکام آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں پانامہ لیکس کوئی ایشو نہیں، اﷲ کے فضل سے ملک میں بہتری آ رہی ہے۔ سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا بھارتی وزیراعظم کے ہاتھ خون میں رنگے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کے قتل عام سے بڑی ریاستی دہشت گردی کیا ہو سکتی ہے۔ کل بھوشن یادیو کے شواہد عالمی برادری کو دیئے ہیں۔ پاکستانی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔