ترکی کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعادہ
انقرہ (آئی این پی) ترکی نے نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت اور مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ پاکستان کو بھی این ایس جی کی رکنیت ملنی چاہیے ، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کے حامی ہیں،پاکستانی سیاحوں کودرپیش ویزہ کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کررہے ہیں، افغانستان میں استحکام پورے خطے خاص طور پر پاکستان کے مفاد میں ہے۔ گزشتہ روز سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں ترکی کے دورے پر گئے ہوئے8 رکنی آل پارٹیز پارلیما نی یکجہتی وفدنے ترک دفتر خارجہ کا دورہ کیا اور ڈجی سائوتھ ایشیا سواط آغان اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔اس موقع پر سواط آغان کا کہنا تھا کہ پاک ترک تجارت کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔پاکستانی سیاحوں کو ویزہ پالیسی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے جس کا جائزہ لینے کو تیار ہیں ۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث ویزہ کے مسائل ہیں جسے حل کرنے کی کوشش کریں ۔ پاکستانی وفد نے سواط آغان کو یقین دلایا کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کے موقف کی حمایت کرتا ہے ۔