ضلع کونسل پشاور: بجٹ اجلاس میں ہنگامہ، اپوزیشن رکن کا قمیص پھاڑ کر احتجاج، واک آﺅٹ
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ضلع کونسل پشاور کے بجٹ سیشن میں اے این پی کے ڈسٹرکٹ ممبر نے خطاب کے دوران احتجاجاً اپنی قمیص پھاڑ دی، واقعہ کے بعد ضلعی اسمبلی مچھلی بازار بن گئی اور اپوزیشن ارکان نے واک آﺅٹ کر کے زبردست احتجاج کیا۔ اپوزیشن نے ضلعی بجٹ میں فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف عدالت جانے کا بھی اعلان کر دیا۔ اجلاس کنوینئر و ضلع نائب ناظم سید قاسم علی کی صدارت میں ہوا۔ بجٹ پر بحث کے دوران اے این پی سے تعلق رکھنے والے ڈسٹرکٹ ممبر صفدر باغی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 17۔ 2016ء کے بجٹ میں ایک بار پھر فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم کی گئی، ضلع ناظم کے لئے صوابدیدی فنڈ 25 کروڑ اور ضلع نائب ناظم کے لئے صوابدیدی فنڈ 8 کروڑ روپے رکھا گیا ہے جو کہ بدنیتی پر مشتمل ہے۔ یہ کہتے ہی صفدر باغی نے ایوان میں اپنی قمیص پھاڑ دی اور واک آﺅٹ کر گئے۔ اس انوکھے احتجاج کے بعد اپوزیشن نے بجٹ اجلاس سے مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ضلع کونسل ہال کے باہر احتجاج کیا اور گو ناظم گو کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماو¿ں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ممبرز کے لئے ترقیاتی کاموں میں زیادہ اور اپوزیشن کے لئے کم پیسے رکھے گئے ہیں جس کے خلاف عدالت جائیں گے۔ بجٹ اجلاس سے اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باوجود کنوینئر نے اجلاس جاری رکھا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاور عاصم خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے اس رویئے پر شدید افسوس ہوا، خواتین ممبرز کے سامنے قمیص پھاڑنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے بغیر ہی بجٹ کو منظور کر لیا جائے گا۔
پشاور اجلاس