گجرات: ڈالہ کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے خاوند جاںبحق، اہلیہ اور بیٹا زخمی
گجرات(نامہ نگار) رحمانیہ کے علاقہ ڈھیرو گھنہ میں ڈالہ نے موٹر سائیکل سوار ٹیچر کو بیوی اور بیٹے سمیت کچل دیا ٹیچر موقع پر جاں بحق ،ماں اور بیٹے کے بازو اور پائوںٹوٹ گئے ،مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق تھانہ رحمانیہ کے علاقہ ڈھیرو گھنہ کے قریب موٹر سائیکل پر ٹیچر تصدق حسین قمر ولد غلام حسین ہنجرا سکنہ کیرانوالہ اپنے بیٹے عبد الرحمن اور بیوی عصمت بی بی کے ہمراہ لالہ موسیٰ سے واپس گھر آ رہے تھے کے راستے میں تیز رفتار مزدا نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی حادثہ میں موٹر سائیکل سوار ٹیچر تصدق حسین قمر موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اسکی بیوی اور بیٹا شدید زخمی ہو گئے تیز رفتار مزدا ماں اور بیٹے کے اوپر سے گزر گیا بیٹے عبد الرحمن کے دونوں پائوں کٹ گئے اور بیوی عصمت بی بی کا ایک بازو اور ایک ٹانگ ٹوٹ گئی موٹر سائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا ،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او رحمانیہ رائے فیاض معہ نفری موقع پر پہنچے ریسکیو 1122ٹیم بھی پہنچ گئی متوفی ٹیچر کی نعش اور زخمی ماں بیٹے کو ہسپتال پہنچایا گیا حالت تشویشناک ہونے پر ماں بیٹے کو عزیز بھٹی ہسپتال سے لاہور ریفر کر دیا گیا ہے متوفی ٹیچر کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی تھانہ رحمانیہ پولیس نے متوفی ٹیچر کے بھائی مبشر حسین کی رپورٹ پر مزدا ڈرائیور ساجد بشیر ملک کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔