ورلڈ کپ میں براہراست رسائی کیلئے پاکستان کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی:مکی آرتھر
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ون ڈے میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے درجہ بندی میں ترقی کے بجائے تنزلی کا خطرہ ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہم نے ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی جو میرے لیے نہایت پریشانی کی بات ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چندسالوں میں ون ڈے میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں 9ویں نمبر کی پوزیشن اچھی نہیں ہے۔پاکستان 9ویں درجے کی ٹیم نہیں ہے لیکن مجھے خوف ہے کہ ون ڈے میں تنزلی کا شکار ہوگی کیونکہ ٹیم کے کھیلنے کا انداز یا 90 کی دہائی جیسا انداز ہے جبکہ اب گیم میں بہت بڑی تبدیلیاں آچکی ہیں۔قومی ٹیم کی فٹنس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل کاکول میں فوجی ٹرینر کی نگرانی میں ایک سخت ٹریننگ کیمپ کا انتظام کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔آرتھر نے فٹنس کو بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ فٹنس اور فیلڈنگ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہمارے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے جلدی میں بہتری کی ضرورت ہے۔'میں نے ون ڈے ٹیم کو دیکھا ہے اور وہ اچھی نظر آرہی ہے لیکن یہاں خاصا مشکل ہوگا۔انگلینڈ اس وقت ون ڈے کی بہت ہی اچھی ٹیم ہے اور ہم بہتری کی جانب گامزن ہیں اور یہی سے ہمارے ون ڈے کے سفر کا آغاز ہوتا ہے۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں کسی کوخبردار کررہا ہوں لیکن ہماری ٹیم کو اس جگہ پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا جہاں ہم دیکھنا چاہتے ہیں۔