وزیر اعلیٰ سندھ کا جہانگیر پارک میں گندگی اور کچرے کے ڈھیردیکھ کر شدید برہمی
کراچی (وقائع نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے نیو سندھ سیکرٹریٹ سے واپس آتے ہوئے صدرجہانگیر پارک کا اچانک دورہ کیا اور جہانگیر پارک میں گندگی اور کچرے کے ڈھیردیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا انہوںنے بلدیہ عظمیٰ کو ہدایت کی کہ وہ جہانگیر پارک کی جلد از جلد صفائی ستھرائی کرواکراسے بحال کروائیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ پارک عوام کیلئے تفر یح کا مرکز ہوتا ہے اور یہاں یہ گندگی کے ڈھیر آپ کی ناقص کارکردگی کا ثبوت پیش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارک کی دیکھ بھال صرف حکومت کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ یہ اس علاقے میں رہنے والے ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقے کو صاف و ستھرا رکھے۔انہوں نے کہا کہ پارک کے اطراف میں واقعہ سبزی اور پھل فروش اور دکاندار حضرات اپنا کچرا مقررہ ڈمپنگ گرا¶نڈ میں پھینکیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو ہدایت کی کہ وہ پارک کے اطراف میں چاردیواری تعمیر کرائیں اور پارک کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم علاقہ ہے یہاں پر دور دراز سے لوگ آکر خریداری کرتے ہیںلہٰذا اس مقام کو ایسا بنایا جائے کہ لوگ عزت کے ساتھ یہاں بیٹھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ میں صرف پارک کی بحالی ہی نہیں بلکہ صدر کے تمام علاقے سے تجاوزات کا خاتمہ بھی چاہتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ / جہانگیر پارک