حماس پر غزہ کو الگ ریاست بنانے کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے: حانیہ
غزہ (اے این این) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم اسماعیل حانیہ نے کہا ہے کہ فلسطین کا چپہ چپہ قوم اور حماس کے لیے مقدس ہے ٗ غزہ کی پٹی کو ایک آزاد علاقہ قرار دینے اور باقی فلسطین کو نظرانداز کرنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ہے ٗ جو لوگ اس طرح کے منفی خیالات رکھتے ہیں ان کا فلسطینی قوم سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔ حماس پر یہ الزام عائد کرنا کہ وہ غزہ کو ایک الگ مملکت بنانے کا سوچ رہی ہے جھوٹ کا پلندہ ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل حانیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں بوڑھوں سمیت تمام فلسطینیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ ہم فلسطین کی آزادی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ فلسطین کا چپہ چپہ دشمن سے آزاد کرائیں گے چاہے اس میں کتنا طویل وقت اور کتنی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔