مقبوضہ کشمیر: درگاہ کے باہر فائرنگ، پولیس اہلکار، راہگیر ہلاک: سابق فوجیوں کو بسانے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے: حریت قیادت
سرینگر (کے پی آئی+اے ایف پی + صباح نیوز) سرینگر کے قریب تجر شریف کی درگاہ کے باہر مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور راہگیر عبدالرحمن لون ہلاک ہوگئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس غریب داس نے الزام لگایا یہ مجاہدین کی کارروائی ہے، سرکاری رائفل لیکر فرار ہوگئے۔ سید علی گیلانی اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے سابق فوجیوں اور ان کے بچوں کو جموں کشمیر میں مستقل طور بسانے کے مرکزی حکومت کے منصوبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر بین الاقوامی سطح کا ایک تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے، لہٰذا سابق فوجیوں کو کشمیر میں زمین الاٹ کرنا اور یہاں بسانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سابق فوجیوں کو کشمیر میں زمین فراہم کرنا خود ریاستی آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں گیلانی نے خبردار کیا کہ فوجیوں کو زمین الاٹ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ حکومت کی طرف سے ایک ایسی فاش غلطی ہوگی جس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور آزادی پسند عوام اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا اسرائیل ٹائپ کالونیوںکو وجود میں لانے کی کوئی بھی کوشش ریاستی عوام کے لئے ناقابل قبول ہے۔ دوسری طرف بی جے پی کے رہنما ارون گپتا نے کہا ہے فوجی اہلکاروں کیلئے بھی کالونیاں تعمیر کرنے میں کوئی بھی قباحت نہیں۔ منسوخی افسپا کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے پارٹی نے واضح کیا ہے کہ جموں کشمیر میں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ اس قانون کو ہٹایا جائے۔ نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت روایتی ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرکے تنازعہ کشمیر سے متعلق حقائق کو تسلیم کرے۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف بے گناہ اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر سخت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بھارت کے اس غیر حقیقت پسندانہ اپروچ کا نتیجہ ہے۔ بتایا جاتا ہے تجر شریف درگاہ کا سرینگر سے فاصلہ 55 کلومیٹر ہے۔ شبیر احمد شاہ نے جموں کے علاقے بڑی برہمنہ میں گتے بنانے کی فیکٹری میں قرآن پاک کے بوسیدہ نسخوں کی موجودگی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو کتاب مقدسہ کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ سوشل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناء کٹھ پتلی انتظامیہ نے جمعہ کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مٹھائیاں تقسیم کرنے پر انسانی حقوق کے معروف علمبردار محمد احسن اونتو کے خلاف ایک مقدمہ درج کردیا ہے۔ سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فوم کے ترجمان ایاز اکبر نے پاکستانی جھنڈا لہرانے پر دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔