بلوچستان اسمبلی‘ پولیس سفید ہاتھی بن چکی عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں: لیاقت آغا
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصر اللہ زیرے نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ 13 اگست کو مغربی بائی پاس پشتون باغ کے علاقے میں لوگوں نے ایک نعش پڑی دیکھی جس کی اطلاع انہوںنے علاقے کے منتخب کونسلر کو دی جس پر کونسلر نے فوری طور پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو اطلاع دی مگر کوئی کارروائی نہ کی گئی اور پولیس نے احتجاج پر کونسلر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال نے کہاکہ یہ واقعہ درست ہے اور میرے علم میں جب یہ بات آئی تو میں نے فوری طور پر آئی جی کو آگاہ کیا اور وزیر داخلہ کو بھی اطلاع کرائی۔ سید لیاقت آغا نے کہاکہ بلوچستان پولیس سفید ہاتھی بن چکی ہے پولیس میں کسی بھی افسر کو عوام کے مسائل دلچسپی نہیں یہ مسئلہ اسٹیڈنگ کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔ ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہاکہ ایس ایچ او کو معطل کرکے تحقیقات شروع کی جائے۔ اس موقع پر سپیکر نے کہاکہ پولیس کی جانب سے ایسے واقعہ میں خاموش نہیں رہ سکتے حکومت فوری طور پر کارروائی کرے کارروائی نہ ہونے کی صورت میں آئندہ اجلاس میں اس پر غور کیا جائے گا۔