سرتاج عزیز بھارت سے مذاکرات میں پانی کا مسئلہ بھی اٹھائیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی دریائوں پر ڈیم بناکر پاکستان کو معاشی طور پرا پاہج بنانا چاہتا ہے، مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھارت سے مذاکرات میں پانی اور ڈیموں کا مسئلہ بھی اٹھائیں، سیلاب متاثرین کی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم دینی فریضہ ہے۔ سیلابوں کا راستہ روکنے کیلئے حکومت واضح حکمت عملی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لطیف آباد بچائو بند حیدر آباد (سندھ) کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے سیلاب متاثرہ ہندو خاندانوں میں راشن اور ملبوسات بھی تقسیم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستانی دریائوں پر ڈیم بنا کر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر کے دریائوں کے رخ موڑ کر اپنی بنجر زمینوں کو آباد کر رہا ہے اور پاکستان کی زراعت و صنعت کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ ہر سال برسات کے دنوں میں پانی چھوڑ کر دریائوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دیتا ہے۔ بھارتی آبی دہشت گردی کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت سے کھری کھری بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن کے ہزاروں کارکن انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ تھرپارکر میں فلاح انسانیت فاونڈیشن نے ساڑھے 8 سو سے زائد کنویں مکمل کرکے وہاں پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ فلاح انسانیت فاونڈیشن کی امدادی و میڈیکل ٹیمیں چترال کے دشوار گزار علاقوں سے لیکر سندھ کے دور دراز علاقوں تک متاثرین کی مدد کو پہنچیں۔