میرے دن بھی گنے جاچکے، ستمبر کا مہینہ دیکھنا مشکل ہے: رشید گوڈیل خود پر حملے کے خدشات ظاہر کرچکے تھے
اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے استعفوں والے دن خود انکشاف کیا کہ میرے دن بھی گنے جا چکے ہیں، جلد مجھے بھی گولیاں مار کر ہلاک ہونے کی خبر میڈیا چلا رہا ہوگا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوششیں عروج پر ہیں اور ہماری ہٹ لسٹ تیار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ پیچھا کرتے ہیں، یہ لوگ ڈرانے کی بھی کوشش کرتے ہیں، ستمبر کا مہینہ دیکھنا مشکل ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے ستمبر کا سورج نہیں دیکھ سکوں گا۔ صحافیوں نے رشید گوڈیل سے خدشات آن کیمرہ اظہار کرنے کا مطالبہ کیا۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ کیمرہ پر ابھی بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، پیچھا کرنے والوں سے ڈروں گا نہیں۔