منچھر جھیل کیس: سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر خزانہ، 2 سیکرٹریوں اور دیگر سے جواب طلب کرلیا
کراچی (این این آئی) سپریم کورٹ نے منچھر جھیل ازخود نوٹس کیس میں وفاقی وزیر خزانہ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز، چیف سیکرٹری سندھ اور اٹارٹی جنرل سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔ کراچی رجسٹری میں جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ وفاقی سیکرٹری خزانہ کہاں ہیں؟ جوائنٹ سیکرٹری خزانہ نے جواب دیا کہ وہ ملک سے باہر ہیں۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے استفسار کیا کہ سیکرٹری واٹر اینڈ پاور کہاں ہیں؟، جوائنٹ سیکرٹری واٹر اینڈ پاور نے کہا کہ وہ میٹنگ کے لیے اسلام آباد گئے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے رویوں سے لگتا ہے کہ توہین عدالت کے نوٹس جاری کرنے پڑیں گے۔ آپ جہاں چاہیں پانی بند کر دیں، جہاں چاہیں کھول دیں لیکن ایک بات یاد رکھیں ایک بندہ بھی مرے گا تو اس کی ایف آئی آر آپ کے خلاف درج ہوگی۔ آپ کہتے ہیں کہ جھیل کا پانی پینے کے قابل ہے ہم اپنے رجسٹرار کو بھیجتے ہیں وہ پانی لے کر آئینگے اور آپ کو پینا ہو گا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لوگ مر رہے ہیں۔ مینگروز کے جنگلات تباہ ہو رہے ہیں آپ اے سی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ آپ کو کیا پتہ کہ غریبوں کے کیا مسائل ہیں۔ آپ لوگ کیا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کو طلب کیا جائے۔