پٹرولیم لیوی کا اپنی مرضی سے تعین بھی غیر قانونی ہے،شاہد خاقان عباسی

Apr 19, 2025

کلر سیداں(نامہ نگار) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ غیر جمہوری،غیر قانونی طریقے سے معرض وجود میں آنے والی حکومت کے تمام اقدامات بھی غیر قانونی ہیں۔ پٹرولیم لیوی کا اپنی مرضی سے تعین بھی غیر قانونی ہے، حکومت  کے پاس چار سو ارب روپے کی رقم اے ڈی پی میں موجود ہے وہ سڑکوں پر خرچ کیوں نہیں کرتی ،ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں اتفاق نہیں اور اتفاق کے بغیر ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی جس کی وجہ سے ملک انتشار کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار کلر سیداں میں نوائے وقت کے نمائندے  سینئر صحافی اکرام الحق قریشی کے فرزند قاسم رضا قریشی کے دعوت ولیمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حافظ عثمان عباسی اور شوکت اقبال جنجوعہ بھی موجود تھے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت اوپر نیچے ہونے کا ایک طے شدہ فارمولا  ہے مگر ملک کا وزیر اعظم کہتا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں اس وجہ سے کم نہیں کر رہے کہ بجلی سستی کریں گے  اور اب ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سڑکیں تعمیر گے یہ کون سی منصوبہ بندی ہے اگر کل پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئیں تو کیا بلوچستان کی سڑکیں بننا بند ہو جائیں گی؟انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی ایک حد تک بڑھا سکتی ہے اس کیلئے اسے پارلیمنٹ سے اجازت لینا پڑتی ہے،انہوں نے سوال کیا کہ کیا بلوچ عوام آپ سے سڑکیں مانگ رہے ہیں ایسا ہرگز نہیں وہ تو اپنے وسائل کا حصہ چاہتے ہیں اور مسنگ پرسنز کے دیرینہ مسئلہ کا درست حل چاہتے ہیں۔انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ ہی نہیں کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاق اور صوبوں میں عوام کی منتخب حکومتیں نہیں ہیں ان کا ہر قدم ہی غیر قانونی ہے انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں کسان سراپہ احتجاج ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی،کسان گندم اگاتا ہے تو ملک کو آٹا ملتا ہے اگر کسان ہی پریشان ہو گا تو سب متاثر ہونگے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ غیر جمہوری غیرمنتخب حکومتیں عوامی مینڈیٹ نہیں رکھتی ہیں ان کے اقدامات کو عوام کی حمایت حاصل ہی نہیں ہے۔

مزیدخبریں