سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید مزاحمتی رہنما ایس حمید وانی کو انکے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں 1998 ء میں آج کے دن بھارتی فورسزنے سرینگر میں شہید کردیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں ایس حمید وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور اسی راہ میں اپنی جان کانذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورکشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریوں میں اضافے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے۔جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر اپنے وحشیانہ مظالم کاسلسلہ مزید تیز کرنے کیلئے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس مقبوضہ علاقے میں ایک نئی کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن (کوبرا)تعینات کریگی۔سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کی ہدایت پر قائم کئے جانیوالے کوبرا یونٹ کوجموں اور وادی کشمیر دونوں کے جنگل کے علاقوں میں تعینات کیا جائیگا۔دوسری جانب قابض بھارتی انتظامیہ نے کشمیری حریت پسند رہنما میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے روک دیا گیا انہیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا ۔مسجد کی انتظامی تنظیم انجمن اوقاف کے مطابق انہیں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے وقف ترمیمی ایکٹ پر بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے فراہم کئے جانیوالے عبوری ریلیف کا خیرمقدم کیا ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وقف ترمیمی ایکٹ اور اس کی عبوری ہدایت کے بارے میں عدالت عظمی کی طرف سے مودی حکومت سے پوچھے گئے سخت سوالات خصوصا وقف بورڈز میں غیر مسلم نئے ممبران کی شمولیت اور وقف جائیدادوں کی ڈی نوٹیفکیشن سے متعلق اعتراضات ا ایک مثبت قدم ہے۔میر واعظ نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بھارت کے مسلمانوں کیلئے واحد امید کی کرن ہے اور وہ بالآخر اس متازعہ ایکٹ کو منسوخ کرے گی۔
غیر قانونی گرفتاریوں پر تشویش، عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے: حریت کانفرنس
Apr 19, 2025