بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے بھارت سے آنے والےسکھ یاتری ایک روزہ دورہ پر کرتار پورہ پہنچ گئے
بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے واہگہ باڈر سے پاکستان آنے والےسکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ایک روزہ دورہ پرسری دربار صاحب کرتار پورہ پہنچ گئے۔بھارت سے آنے والے جتھے کا استقبال ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی اکبر شاہ ، ونگ کمانڈر کرنل عرفان غازی اور ممبرپربندھک کمیٹی سردار اندر جیت سنگھ نے پھولوں کے ہار پہنا کر کیا ۔دربار صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرکارنے بڑی محبت کے ساتھ استقبال کیا ہے جس سے ان کو محسوس نہیں ہوتا کہ وہ کسی غیر کے گھر آئے ہیں، پورے پاکستان میں جہاں بھی وہ اپنی مذہبی رسومات کیلئے گئے وہاں پر ان کیلئے پاکستان نے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات ،رہائش گاہ اور دوران سفر انتہائی آرام دہ سفر فراہم کیا ۔بھارت سے آئی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ وہ دوسری دفعہ پاکستان آئی ہیں اور یہاں ان کو اپنے گھر جیسا ماحول ملا ہے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے راہداری کھول کر جو محبت کا اظہار کیا ہے اس سے پوری سکھ قوم ان کی احسان مند ہے، کورنا کے باوجود پاکستانی حکومت نے بیساکی کے موقع پر ان کو آنے کی اجازت دی جبکہ بھارت کی جانب سے تاحال راہداری کو کھولا نہیں گیا جس کی وجہ سے ان کو بابا جی گرو نانک دیوجی کے درشن کیلئے آنے میں بہت مشکلات کا سامنا ہے، وہ بھار ت سرکار سے اپیل کرتیں ہیں کہ راہداری کو کھولا جائے تاکہ وہ پاکستان آکر درشن کر سکیں ۔دوسری طرف سکھ یاتریوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے کیے جانے والے سیکورٹی و دیگر انتظامات پرڈپٹی کمشنرظہیر حسن اور ڈی پی او سید اکبر علی شاہ اورپاک رینجرز کے اعلی افسران کابھرپورشکریہ اداکیا۔سکھ یاتریوں کی کرتارپو آمدپررہائش،کھانے پینے سمیت فول پروف سیکورٹی ودیگر انتظامات کیے گئے ہیں۔ریسکیو1122,سول ڈیفنس اور محکمہ صحت و دیگر ٹیمیں بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے اس موقع پرسکھ یاتریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کے پاکستان میں قیام کے دوران ہر ممکن انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ انہیں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ان کے نمائندے کرتارپورہ موجود ہیں۔