شوکت ترین پر مکمل اعتماد، وزیراعظم
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ماہر معاشیات اور وفاقی وزیر حماد اظہر نے بھی شرکت کی۔ حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا کے ارکان بھی موجود تھے۔ ملاقات وزیراعظم ہائوس میں ہوئی۔ ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے۔ وزیراعظم نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شوکت ترین کو 35سال سے جانتا ہوں۔ شوکت خانم بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے۔ امید ہے معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے شوکت ترین بہتری پلاننگ سے کام کریں گے۔ شوکت ترین سے سوال کیا گیا گورنر سٹیٹ بنک کو تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے جواب دیا کہ گورنر سٹیٹ بنک نے بہترین اصلاحاتی کام کیا۔ رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔ ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے اور ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں حکومت کی معاشی صورتحال پر کئے گئے تبصرے پر سوال اٹھایا؟۔ اس کا جواب دیتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں۔ کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورتحال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جا سکتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاشی صورتحال پر گفتگو میں سابق حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا 49 سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے کہ شرح نمو کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔