مکرمی! آج کل لاہور میں سوئی گیس کی صورت حال سحرو افطار کے اوقات میں پریشان کن ہوتی ہے۔ گیس کی کمی کی وجہ سے گھروں میں سحرو افطار کے لیے کھانا وغیرہ پکانے میں بہت دقت پیش آتی ہے۔ سردی کے موسم میں حکومت کی طرف سے بتایا جاتا ہے کہ پائپ لائنز میں گیس کے جم جانے کی وجہ سے گیس کے پریشر میں کمی ہوتی ہے لیکن ان دنوں تو سردی کا موسم نہیں چل رہا پھر گیس میں کمی کی وجہ کیا ہے؟ ماہِ رمضان میں حکومت کو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے لیکن یہاں صورت حال اس کے برعکس نظر آتی ہے اور لوگ حکومت کی طرف سے ریلیف کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اس مبارک مہینے میں کھانے پینے کی اشیا کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کے ساتھ ساتھ سحرو افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو پریشر میں کمی کے بغیر یقینی بنائے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
(عثمان مشتاق، لاہور)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024