لاہور: نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کےلئے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو دوبارہ طلبی کے نوٹس بھیج دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دوبارہ طلب کیا ہے اور انہیں بائیس اپریل کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،نوٹس میں ان کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
نیب کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ شہباز شریف سے سوالات کے جواب لینا انتہائی ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کو سترہ اپریل کو بھی طلب کیا گیا تھا ۔تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ عدم پیشی کا سبب کورونا لاک ڈاون اور وائرس میں مبتلا ہو جانے کا خدشہ بتایا گیا تھا۔