پنجاب حکومت کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، عام آدمی کو دیا جانے والا ریلیف نظر آئے گا:وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کہتے ہیں کہ ہر وزیراعلیٰ کو اختیار ہے جب چاہے کابینہ میں تبدیلی کریں لیکن فی الحال صوبائی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طے کیا ہوا ہے کہ وزراء کی کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے ہوں گے۔
وفاقی کابینہ میں ردوبدل سے متعلق سوال پر صمصام بخاری نے کہا ہر وزیراعظم کا اختیار ہوتا ہے کہ اپنی مرضی کی کابینہ تشکیل دے۔
صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دینے سے قبل وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے صاف پانی کے منصوبے، صحت پروگرام، انسداد ڈینگی پروگرام اور بینک آف پنجاب کے نئے صدر کی منظوری دی۔
صمصام بخاری نے کہا کہ رمضان پیکج پر کام جاری ہے جس کے تحت 309 بازار لگائے جائیں گے اور عام آدمی کو دیا جانے والا ریلیف نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس ہر 15 دن بعد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔