تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا.جس میں محمد عامر کو فی الحال انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا اور ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت بھی اسی سیریز سے مشروط ہو گی۔ جبکہ دوسری جانب فاسٹ بالر وہاب ریاض کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر بوم بوم شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ورلڈ کپ ٹیم کی سلیکشن پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ "یقینا سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ منتخب کرنے کیلئے بہترین 15 کھلاڑی چننا بہت مشکل مرحلہ ہو گا ، ان لوگوں کو مبارک باد جنہوں نے اس میں جگہ بنائی ، امید ہے کہ آپ جیت کر لوٹیں گے ، ذاتی طور پر ورلڈ کپ میں وہاب ریاض اور محمد عامر کی کمی محسوس کروں گا۔"
واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کیلئے منتخب کھلاڑیوں کے نام بتائے جن میں کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان ، محمد حسنین ، فخر زمان، امام الحق ، عابد علی، حارث سہیل، بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ شامل ہیں۔ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد عامر اور آصف علی کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے رکھا ہے اور ہمارے پاس 22 مئی تک ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑی تبدیل کرنے کا آپشن موجود ہے۔