کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعے کے روز مثبت رحجان سے کاروبار کا آغاز ہوا۔ مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں 120 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
جمعے کے روز کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 36811 پر ٹریڈ کررہا تھا۔ مارکیٹ کھلتے ہی پہلے 30 منٹ میں انڈیکس 120 پوائنٹ اوپر چلا گیا۔اسٹاک مارکیٹ میں اب تک کی بلند ترین سطح 36931 رہی۔ مارکیٹ سے آخری خبریں آنے تک انڈیکس 36902 پر ٹریڈ کررہا تھا۔رپورٹ فائل ہونے تک اسٹاک مارکیٹ میں8,483,660 شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 391,532,835 پاکستانی روپے رہی۔
گزشتہ روز وزیرخزانہ کے استعفے کے بعد اسٹاک مارکیٹ مندی میں چلی گئی تھی۔ کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تھا۔ اسد عمر کے استعفے کی خبریں آنے کے بعد مارکیٹ میں 322 پوائنٹس کی کمی ہوگئی تاہم کاروبار کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ60 پوائنٹ کے اضافے سے 36811 پر بند ہوئی۔
بدھ کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا اور کاروبار کا اختتام 629 پوائنٹس کی کمی کے بعد 36 ہزا ر763 پوائنٹس پر ہوا۔ رواں ہفتے کے آغاز پر انڈیکس 37 ہزار 452 پر ٹریڈ کررہا تھا۔