ذکر ِرسول ِمقبول ؐاطمینان ِقلب کا باعث اور فلاحِ دارین کا ذریعہ ہے،پیر محمد نقیب الرحمن
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ ربِ رحمن قرآنِ کریم میں اپنی مخلوق کو اپنے تک پہنچنے کیلئے دربارِ رسالتمآب ؐ میں رجوع کرنے کا حکم ارشاد فرماتے ہوئے فرمارہاہے کہ جب تم اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھو تو میرے پیارے حبیبؐ کے قدمین شریفین میں حاضر ہو کر مجھ اللہ سے معافی کے طلبگار بنو جب میرے پیارے حبیب ؐ تمہاری سفارش فرمائیں گے تو تم مجھ اللہ کو بخشنے والا مہربان پائو گے۔میلاد مصطفی ؐ کے روحانی اجتماع ہو ںیا جلوس ان کا مقصد صرف اور صرف دربار رسالتمآب ؐ میں اپنی بے پناہ محبتوں کا اظہار کرنا اور اپنی غلامانہ حاضری پیش کرنا ہے۔آج بھی امت مسلمہ اگر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسکا واحد ذریعہ اپنے روحانی مرکز مدنیہ منورہ کی جانب رجوع کرنا ہے۔مملکت خداداد ِ پاکستان میں لگی دہشتگردی کی آگ کو سرد کرنے اور قوم کو لاسانی ،صوبائی،فرقہ ورانہ گروہ بندیوں سے نکالنے کے لئے ذکرِ رسول مقبولؐاکسیر کی حثیت رکھتا ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ماہانہ محفلِ بارہویں شریف سے خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام ،نعت خواہان عظام، عاشقانِ مصطفیؐ اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ ذکر ِرسول ِمقبولؐ اطمینان ِقلب کا باعث اور فلاحِ دارین کا ذریعہ ہے۔ اپنے نبیؐ کے ایک فرمانِ مُبارک پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی زندگیوںمیں انقلاب برپا کر سکتے ہیں اور رب ِ رحمن کی رضا و خوشنودی کو پا سکتے ہیں۔محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی ،خوشحالی، ترقی،افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کی خصوصی دُعا پر ہوا۔