90فیصد بیماریاں تمباکو نوشی کی وجہ سے ہو رہی ہیں،مسعود الرحمن کیانی
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) روزانہ 1400نئے بچے تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں جن میں لڑکیوں کی تعداد پہلے سے بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، 90فیصد بیماریاں تمباکو نوشی کی وجہ سے ہو رہی ہیں،پاکستان میں روزانہ تقریباً پانچ ہزار لوگ دل کی بیمایوں اور تمباکو نوشی کے مضر اثرات کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہور ہے ہیں اور تقریباًتین سو سے زیادہ افرد موت کے منہ میں جارہے ۔ان خیالات کا اظہارصدر پناہ میجر جنرل مسعود الرحمن کیانی نے گزشتہ روز پناہ کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ،سابقہ سرجن جنرل پاکستا ن آرمی لیفٹیننٹ جنرل مصطفی کمال اکبر، سینئر کارڈیالوجسٹ میجر جنرل محمد اشرف خان، سینئر کارڈیالوجسٹ میجرجنرل عاشور خان، سینئر وائس پریذیڈنٹ پناہ ڈاکٹر عبد القیوم اعوان،سینئر پلمونولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر واجد علی کے علاوہ سپارک، ہیومن ڈیویلپمینٹ فائونڈیشن، فیملی فیزیشن ، سوشل ویلفیئر سوسائٹی ، حسنہء ویلفیئر فائونڈیشن ، نجات ٹرسٹ ،وومن ویلفیئر ایسوسی ایشن، نیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن،پاکستان ہارٹیکلچر،صدائے ویلفیئر آرگنائزیشن،ٹرو سائٹ ویلفیئر آرگنائزیشن، نایاب ویلفیئر آرگنائزیشن،باغبان ویلفیئر آرگنائز یشن سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اور تمباکو نوشی کے صحت پر مضر اثرات پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔شرکاء نے کہاکہ پاکستان نیشنل ھارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) پچھلے۵۳ سالوں سے لوگوں میں دل کی بیماریوں کی رو ک تھام کے متعلق آگاہی فراہم کرتی ہے ، دل کی بیماریوں کی بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے،ہم حکومت پاکستان سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لئے تمباکو نوشی کے استعمال کی روک تھام اور خاص طور پر بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کے لئے ضروری اقدمات اُٹھائے جائیں ، اس کے علاوہ سینٹ کی سپیشل کمیٹی کی رپورٹ پر مکمل عمل درآمد کیا جائے تا کہ تمباکو کے مضر اثرات سے عوام اور خاص طور پر نوجوان نسل کو بچایا جا سکے۔