دوبرسوں میں16لاکھ غیر ملکیوں نے سعودی عرب کو خیر باد کہہ دیا
ریاض (این این آئی)سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں سعودی لیبر مارکیٹ سے اب تک 16 لاکھ غیر ملکی نکل گئے ہیں اور سب سے زیادہ وطن واپس جانے والوں میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہیں۔سعودی عرب غیرملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ مرافقین فیس کی وجہ سے متاثر ہونے والوں میں انڈین شہری سر فہرست ہیں۔ وطن واپس جانے والوں کی جگہ سعودی شہریوں کو بھرتی کرنے میں تیزی آگئی ہے۔جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار اور مقامی اخبارات المدینہ اور مکہ میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا کہ وطن واپس جانے والے غیرملکیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ تعمیرات کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔جدویٰ انویسٹمنٹ ادارے کے مطابق وطن واپس جانے والے غیر ملکیوں میں سے 57فیصد کا تعلق تعمیرات کے شعبے سے ہے۔اس شعبے میں کام کرنے والے 9لاکھ10 ہزار افراد اب تک وطن واپس جاچکے ہیں۔ یہ اعدادوشمار 2017 سے لے کر اب تک کے ہیں۔ 2017 کے دوران 6 لاکھ غیر ملکی وطن واپس چلے گئے تھے جبکہ سنہ 2018 کے دوران ان کی تعداد 10لاکھ ہوگئی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں پر عائد فیسوں کے علاوہ حکومت کی سعودائزیشن پالیسیوں نے نجی اداروں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو فارغ کریں۔سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں دوسرے نمبر پر ریٹیل اور ہول سیل کا شعبہ ہے جس سے تین لاکھ40ہزار غیر ملکی نکل گئے۔