اسرائیل کامسجدالاحمر کو شراب خانہ میں تبدیل کرنا قابل مذمت ہے:اشرف آصف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک صراطِ مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی طرف سے عظیم تاریخی مسجد الاحمر میں شراب خانہ کھول دینا مسلم حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے مقبوضہ فلسطین کے علاقہ صفد میں اسلامی شعائر میں سے مسلمانوں کی بہت بڑی نشانی مسجد الاحمر کو یہود ی حکام نے شراب خانے اور شادی ہال میں بدل دیا ہے۔ایسے ہی اسی علاقے کی دوسری مسجد کو آرٹ گیلری بنادیا گیا ہے۔1277عیسوی میں بننے والی مسجد کا نام بدل کر خان الاحمر رکھ دیا گیا ہے۔مسجد کے منبر پر موجود قرآنی آیات کی خطاطی کو عبرانی میں تبدیل کر دیا گیا۔صہیونیوں کی یہ نہایت گھناؤنی حرکت دو ارب مسلمانوں کیلئے تا زیانہ سے کم نہیں۔افسوس بالائے افسوس تو عرب حکمرانوں پر ہے کہ ان کی سستیوں اور عیاشیوں کی وجہ سے اسرائیل کا شردن بدن بڑھتاجا رہا ہے۔جب ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل دارالحکومت بیت المقدس منتقل کرنے کے فیصلہ پر بھی مسلم حکمران کوئی فیصلہ کن آواز نہیں بلند کر سکے تو ٹرمپ نے مزید آگے بڑھتے ہوئے شام کے دارالحکومت دِمشق سے صرف 60کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں واقع 1200مربع کلو میٹر علاقے پر پھیلی گولان کی پہاڑیاں بھی اسرائیل کو لکھ کر دے دی ہیں۔