آئی ایم ایف سے عوام کش معاہدہ حکومتی نااہلی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے جمعیت اتحاد العلماء کے وفد نے ملاقات کی اور انہیں 28 اپریل کو تحفظ ختم نبوت کانفرنس کی تیاریوں سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ قادیانی شریعت اور آئین پاکستان کے مطابق غیر مسلم اقلیت ہیں ، انہیں اقلیتوں کے مطابق تمام آئینی انسانی اور بنیادی حقوق حاصل ہیں ۔ قادیانی اپنے آپ کو آئینی قانونی حدود کا پابند بنالیں ۔ انہوںنے کہاکہ بنگلہ دیش میںحسینہ واجد کی حکومت کی قادیانیت کے فروغ کیلئے سرپرستی اور بنگلہ دیش حکومت و انتظامیہ کی جانب سے تحفظ ختم نبوت کنونشن کیخلاف اقدامات اور منفی تشہیر قابل مذمت ہے ۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ آئی ایم ایف سے عوام کش معاہدہ ، قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف ، ورلڈ بنک اور ایشین ترقیاتی بنک سے قرضوں کے حوالے سے جھوٹ بولتی رہی اور پارلیمنٹ کو بے خبر رکھا ۔ طوفانی بارشوں ، ژالہ باری اور سیلابی ریلوں سے گندم کی فصل، سبزیوں ، باغات کیلئے بڑے نقصانات اور بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔عام غریب محنتی کاشتکار ، ہاری صدمے میں ہے ۔اسد عمر کے استعفیٰ پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ اسد عمر اکیلے نہیں ، اقتصادی تباہی کے ذمہ دار خود عمران خان ہیں ۔ ملک کو مہنگائی ، ذلت اور عوام کو پریشانی میں مبتلا کرنے کی اصل ذمہ داری وزیراعظم پر ہی ہے ، انہوںنے ہی یہ سیاسی اسلوب متعارف کیا کہ ٹیم لیڈر ہی ناکامی کا ذمہ دار ہوتاہے ، اصولی طور پر عمران خان کو اس ناکامی کی ذمہ داری قبول کر نی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ اسد عمر گرتی ہوئی دیوار کی پہلی اینٹ ہے کسی وقت بھی حکومتی ناکارہ دیوار گر سکتی ہے ۔