امریکہ کا پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینا توہین آمیز، ہماری افواج صہیونیت کیخلاف استعمال ہونگی: حسن روحانی
تہران( آن لائن+ اے پی پی )ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو "دہشت گرد تنظیم" قرار دیا جانا ایران کے لیے ایک "نفرت انگیز" اور "توہین آمیز" عمل ہے۔انہوں نے یہ بات "یومِ افواج" کے موقع پر تہران میں منعقد ایک فوجی پریڈ کے دوران کہی، پریڈ کو سرکاری ٹیلی وژن نے براہ راست نشر کیا۔ روحانی کے مطابق ایرانی مسلح افواج خطے کے ممالک کے خلاف نہیں بلکہ صرف "حملہ آوروں" اور "صہیونیت" کے خلاف استعمال ہوں گی۔ ان کے ملک کی مسلح افواج خطے کے ممالک کے قومی مفادات کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ہمارے مسائل کا بنیادی سبب صہیونی نظام اور امریکی سامراجیت ہے"۔ ترکی نے ٹرمپ انتظامیہ کے اْس فیصلے پر تنقید کی ہے جس کے تحت ایرانی فوج پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے یہ بات گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ انقرہ میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہیں۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوگلو نے کہا ہے کہ اس امریکی فیصلے سے خطے میں انتشار اور افراتفری میں اضافہ ہو گا۔