مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی طرح دوسرا مرحلہ بھی بری طرح ناکام ہو گیا۔ کشمیریوں نے پولنگ کا مکمل بائیکاٹ کیا۔اس موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔
مقبوضہ کشمیر میں لوک سبھا کے انتخابات کایہ مرحلہ بھی بھارت کی طرف سے کامیاب بنانے کے بھرپورکوششوں اور اقدامات کا باوجود بْری طرح ناکام ہوا۔اس روز کاروباری اور تعلیمی ادارے بند اورانٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی تھی۔کئی رہنمائوں کو اس موقع پر نظر بند بھی کیاگیا تھا۔حکومتی پارٹی کے لوگ اور انتظامیہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرتی رہی مگر پولنگ سٹیشن ویرانی کا منظر پیش کرتے رہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بڈگام، گاندربل اور سرینگر کے اضلاع میں نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل دہراتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت انتخابی ڈراموں کے ذریعے ستم رسیدہ کشمیریوں سے مقبوضہ علاقے میں جاری اپنے جبر واستبدادکی تائید چاہتا ہے۔ سید علی گیلانی نے بھارت نواز سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ا ن کی سیاست کا محور صرف اور صرف اقتدار ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے یہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اور یہ لوگ کشمیریوں کی مشکلات اور مصائب کے لیے اصل غاصب سے زیادہ ذمہ دار ہیںلہذا کشمیری ہرگز انکے فریب نہ آئیں اور ڈھونگ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔کشمیریوں نے اس اپیل پردل جان سے عمل کیا۔ریاستی اور بھارتی لوک سبھا کے جب بھی انتخابات ہوتے ہیں مقبوضہ وادی میں ہو کا عالم ہوتا ہے۔گزشتہ سال کشمیریوں نے بلدیاتی انتخابات میں بھی عدم دلچسپی کا بھرپوراظہار کیا تھا۔ کشمیری استصواب کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا حق اقوامِ متحدہ کی طرف سے انہیں دیا گیا ہے۔ بھارت انتخابات کو استصواب کا متبادل قرار دیتا ہے جسے کشمیریوں نے ہمیشہ مسترد کیا ہے جس کا ثبوت مکمل طور پر ناکام ہو نیوالے بلدیاتی، ریاستی اور لوک سبھا کے انتخابات ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو حق خوداردیت دینے کے بجائے ان پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر اس کی شر انگیزی جاری رہتی ہے۔ بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے دیتا ہے تو مقبوضہ وادی کے ساتھ لائن آف کنٹرول بھی پُرامن ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے بھارت کو حقائق کا ادراک کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہو گا بصورت دیگر کشمیری تو قربانیاں دے ہی رہے ہیں۔بھارت کی نیندیں بھی حرام ہو چکی ہیں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024