ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا اعلان، سرفراز کپتان، محمد عامر ڈارپ، ان فٹ عماد وسیم شامل
لاہور( سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس ) ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں محمد عامر کو ڈراپ کر کے جنید خان کو ٹیم میں شامل کر دیا گیا ہے۔ وہاب ریاض، عمر اکمل پاکستان کپ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود سلیکشن کمیٹی کیا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یہ ٹیم انشااللہ جیت کر آئے گی، ہم سب کی یہی دعا ہے، ہم سب سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے بہترین ٹیم بنائی ہے اور اس میں ہم نے چیمپیئنز ٹرافی کے 11 کھلاڑیوں کوسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ مجھے اس ایونٹ کی اہمیت کا اندازہ اس لیے ہے کیونکہ میں یہ پانچ ایونٹ کھیل چکا ہوں اور ان میں ایک میں فتح بھی نصیب ہوئی میں بڑا خوش نصیب ہوں کہ میں نے پاکستان کے لیے 5 ورلڈ کپ کھیلے۔ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین ہیں تاہم محمد حفیظ کی ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں محمد عامر اور آصف علی شامل ہیں۔یہ دونوں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے اور اس سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد ورلڈ کپ کے حتمی سکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا ہمارے پاس 22 مئی تک ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑی تبدیل کرنے کا آپشن موجود ہے۔انضمام نے کہا کہ پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ ضرور لیا اور عمر اکمل سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا آسٹریلیا کے خلاف سیریز سمیت پاکستان کپ میں جائزہ لینے کے بعدسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔عماد وسیم سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے لیکن ٹیم کمبی نیشن اور صورت حال کے باعث انہیں تھوڑی فیور دی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے کے باوجود محمد رضوان کو ٹیم میں منتخب نہ کرنے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ جن 6 کھلاڑیوں کو اسٹریلیا کے خلاف سیریز کے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا تھا وہ آٹومیٹک چوائس تھے جبکہ ہمارا کپتان وکٹ کیپر ہے جو کافی عرصے سے ٹیم کی نمائندگی کرتا رہا ہے، اس وجہ سے رضوان کو ٹیم کا حصہ نہیں بنا سکے۔نوجوان فاسٹ بولر حسنین سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ محمد حسنین 150 کی رفتار سے گیند کرتا ہے محمد آصف کے حوالے سے انضمام الحق نے بتایا کہ ہمیں مڈل آرڈر میں کوئی ایسا بلے باز چاہیے جو تیزی سے رن کر سکے۔