وکیل کی عدم حاضری‘ اتفاق شوگر ملز منتقلی کیس کی اپیل خارج
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے'' شریف خاندان کی شوگر ملوں کی غیر قانونی منتقلی'' سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ کے حاضر نہ ہونے پر انکی موکل اتفاق شوگر ملز کی اپیل عدم پیروی کی بناء پر خارج کردی جبکہ دیگر اپیلوں کی مزید سماعت غیر معینہ مدتکے لئے ملتوی کردی ،تاہم بعد میں مقدمہ کے اے او آر کی جانب سے سلمان اکرم راجہ کی طبیعت کی خرابی کی اطلاع پر اپنا حکم واپس لے لیا ہے ،چیف جسٹس میاںثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز شریف خاندان کی حسیب وقاص شوگر ملزم ،عبداللہ شوگر ملز ، چوہدری شوگر ملز اور اتفاق شوگر ملز سمیت متعدد شوگر ملوں سے متعلق درجنوں اپیلوںکی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ ایک اپیل کنندہ کے وکیل مخدوم علی خان جنرل ایڈجرنمنٹ پر ہیں جبکہ اتفاق شوگر ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ حاضر نہیں ہوئے ہیں، جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جو جو وکیل نہیں آئے ہیں ان کی اپیلیں خارج کردیتے ہیں، انہوںنے پاور پلانٹ لگانے کا کہہ کر شوگر ملیں لگا لی ہیں ، عدالت میں خود بیان حلفی دینے کے باوجود عہدہ توڑ کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے ،دیکھنا ہے کہ انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے یا نہ کریں؟،بعد ازاں فاضل عدالت نے اتفاق شوگر ملز کی اپیل عدم پیروی کی بناء پر خارج کرتے ہوئے دیگر اپیلوں کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔