امریکی غلامی کا دم بھرنے والے ملک و قوم کے غدار ہیں: صدر ایم ایم اے پنجاب
ملتان (نامہ نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ امریکی حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کی بلااجازت نقل وحرکت پر پابندی انتہائی قابل مذمت ہے۔اس اقدام سے ملک وقوم کاوقار مجروح ہواہے۔حکومت پاکستان سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر امریکی سفیر کو طلب کرے اور ملکی وقومی جذبات کوامریکی حکام تک پہنچائے۔پاکستان ایک آزادوخودمختار ملک ہے اور امریکہ سمیت اقوام عالم کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے۔پاکستان کے عوام امریکہ کی غلامی کوکسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے امریکی غلامی کاطوق گلے میں ڈال کردنیا میں صرف اور صرف بدنامی اکٹھی کی ہے۔امریکہ نہ ماضی میں ہماراخیرخواہ تھا اور نہ ہی آج ہماری خودمختاری کااحترام کررہا ہے۔ڈرون حملوں سے لے کر ریمنڈڈیوس نیٹ ورک اور قاتل کرنل جوزف تک اس کی حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔پاکستان میں دہشتگردی کے ان گنت واقعات میں امریکہ اور بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت ہماری وزارت داخلہ کے پاس موجود ہیں۔امریکی غلامی کا دم بھرنے والے حکمران ملک وقوم کے غدارہیں،ان سے نجات حاصل کیے بغیر ملک کو امن کا گہوارہ نہیں بنایاجاسکتا۔